اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرصنعت وپیداوارمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ ایس ایم ایز کیلئے مجوزہ پالیسی سے چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبارکو فروغ ملے گا اورملک میں روزگارکے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں ایس ایم ایز پالیسی سے متعلق چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبار سے منسلک شراکت داروں سے ورچوئل مشاورت کے دوران کہی۔وفاقی سیکرٹری صنعت وپیداوارجوادرفیق ملک ، سمیڈا کے سی ای اوہاشم رضا اورسینئرآفسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔
اس ورچوئل اجلاس میں تیاروبرآمدکنندگان کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوںاورکاروبارکرنے والی خواتین نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کاروبارکے فروغ کیلئے پالیسی سازی میں تمام شراکت داروں سے مشاورت تھا۔ اجلاس میں شرکا کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اورسفارشات کاجائزہ لیاگیا جنہیں نئی پالیسی میں جگہ دی جائیگی۔
اجلاس میں نئی ایس ایم ایز پالیسی میں مالیاتی ترغیبات، ٹیکس کے نظام اورضابطہ جاتی قواعد کوآسان بنانے سے متعلق امورکابھی جائزہ لیاگیا۔وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیا نے اس موقع پرکہاکہ چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبار اورصنعت کوفروغ دینے کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نئی ایس ایم ایز پالیسی متعارف کرائی جارہی ہے جس سے روزگارکے مواقع بڑھیں گے اوربرآمدی صنعتوں کی استعدادکارمیں نمایاں اضافہ ہوگا۔
اس سے بالخصوص خواتین سے متعلق کاروبار ، فارما، آئی ٹی اورفارم خدمات میں بہتری آئیگی اوربین الاقوامی منڈیوں سے استفادہ کرنے کی ہماری صلاحیتیں بڑھ جائیگی۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبارکیلئے آسان قرضے اورخدمات کی فراہمی کویقینی بنایا جائیگا۔
اس کے علاوہ سرکاری خریداریوں میں ایس ایم ایز کی شرکت میں اضافہ کیاجائیگا۔اجلاس کے دوران شرکا نے چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبارکی بہتری کوقومی اقتصادی ایجنڈامیں رکھنے کے عمل کوسراہا۔ تاجروں اورکاروباری شخصیات نے ایس ایم ایز کیلئے ٹیکسوں میں رعایت اوردیگرنوعیت کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ وزارت صنعت وپیداوارسمیڈاکے ساتھ مل کرپالیسی سازی میں تمام شراکت داروں سے مشاورت کاعمل جاری رکھے گا۔