ایس ایم ای سیکٹر روزگار کی فراہمی کیساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ اورمعاشی استحکام کا ضامن بھی ہے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

80
ایس ایم ای سیکٹر روزگار کی فراہمی کیساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ اورمعاشی استحکام کا ضامن بھی ہے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور۔ 12 اپریل (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِاہتمام منعقدہ نمائش ایس ایم ای ٹریڈ فیئرمیں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ نمائش میں صنعتی برادری، کاروباری شخصیات اورنوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر نے اس موقع پرمختلف اسٹالزکا معائنہ کیا اورمقامی صنعتکاروں کی مصنوعات میں دلچسپی کا اظہارکیا اوران کی کارکردگی کو سراہا۔ بعدازاں تقریب سے اپنے خطاب میں گورنرفیصل کریم کنڈی نے گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نمائش ایس ایم ای سیکٹرکو نئی سمت اورنیا حوصلہ فراہم کرے گی۔

انہوں نے چھوٹے اوردرمیانے درجے کےکاروباروں (ایس ایم ایز) کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹرنہ صرف روزگارکے مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ برآمدات میں اضافہ اورمعاشی استحکام کا ضامن بھی ہے، حکومت اس شعبےکے فروغ کے لیے کاروباردوست پالیسیاں، انکیوبیشن سینٹرز اورنوجوانوں کے لیے معاونت جیسے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ایک ایسا ماحول پیدا کیا جا سکے جہاں کاروبارمیں آسانی ہو، خواتین بااختیارہوں اورنوجوان خودمختاربن سکیں۔

انہوں نے گوجرانوالہ کی صنعتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے صنعتکار، کاریگر، اور تاجر ملک کی معیشت میں نمایاں کردارادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے زوردیا کہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور برآمدات کے نئے مواقع کو اپنائیں تاکہ پاکستان عالمی منڈی میں مزید مؤثراندازمیں اپنا مقام حاصل کرسکے۔