راولپنڈی۔2جولائی (اے پی پی):محکمہ سوئی گیس نے راولپنڈی میں معیاری پریشر پر گیس کی فراہمی کا بڑا منصوبہ مکمل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے صارفین کی گیس کے کم دبائو سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے 18انچ قطر کی 14 کلومیٹر اور 10 انچ قطر کی 13 کلومیٹر پائپ لائن سسٹم میں شامل کرنے کا بڑا منصوبہ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے ۔
جنرل مینجر ایس این جی پی ایل راولپنڈی ریجن عمر حیات نے کہا ہے کہ صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہیں ۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ راولپنڈی کے ترجمان شاہد اکرم کے مطابق جنرل مینجر راولپنڈی عمر حیات اور چیف انجینئر علائوالدین خان کی زیر نگرانی متعلقہ ٹیموں کی شبانہ روز محنت سے انتہائی اہمیت کے حامل اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے راولپنڈی کے صارفین کا معیاری پریشر پر گیس کی فراہمی کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے ۔
منصوبےکی بروقت تکمیل سے راولپنڈی کے صارفین کو سال بھر بالخصوص موسم سرما میں گیس پریشر میں کمی کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ترجمان کے مطابق مینجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے جنرل مینجر راولپنڈی ریجن عمر حیات صارفین کی حالیہ اور مستقبل میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ محکمہ کی صارف دوست پالیسیوں کا مظہر اور بہترین خدمات کی فراہمی کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔