اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)اور انفرا زیمن نے یو کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور پرائیویٹ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ گروپ (پی آئی ڈی جی) کے اشتراک سے "ڈیٹ کپیٹل مارکیٹس کے ذریعے گرین فنانسنگ” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ایس ای سی پی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس سیمینار میں یہ بات زیرِ بحث رہی کہ کیسے ڈیٹ کیپٹل مارکیٹس ماحول دوست پائیدار منصوبوں کے لئے مالیاتی وسائل فراہم کرنے، کم کاربن والی معیشت کی جانب منتقلی کو آسان بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
گفتگو کا مرکز یہ تھا کہ کریڈٹ انہینسمنٹ کس طرح بانڈز کے خطرات کو کم کر کے انہیں طویل مدتی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش بناتی ہے ۔ایس ای سی پی کا کردار جو جدت کو فروغ دینے اور نجی شعبے کو گرین فنانسنگ میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کے لئے راستے ہموار کرتا ہے کو بھی سراہا گیا۔مقررین نے گرین فنانسنگ سے وابستہ معاشرتی فوائد پر زور دیا جس میں پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مضبوطی پیدا کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مختلف سٹیک ہولڈرزجیسے حکومتیں، مالیاتی ادارے، ریگولیٹری باڈیز اور ترقیاتی شراکت دارگرین بانڈز کی ترقی اور اجرا کے لئے سازگار ماحول بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
گفتگو کا ایک اہم نکتہ کریڈٹ انہینسمنٹ کے میکانزم کا تھا جو سرمایہ کاروں کے لئے خطرات کو کم کر کے گرین سرمایہ کاری کو زیادہ پرکشش اور قابلِ عمل بناتا ہے۔پی آئی ڈی جی، گارنٹکو اور برٹش کونسل کے نمائندوں نے ابھرتی ہوئی معیشتوں کی کامیاب کہانیاں پیش کیں جن میں دکھایا گیا کہ کس طرح جدید کریڈٹ انہینسمنٹ کے ذرائع نے گرین انفراسٹرکچر اور ماحول دوست منصوبوں کے لئے بڑے پیمانے پر مالیاتی وسائل کو متحرک کیا ہے۔
ان مثالوں سے ظاہر ہوا کہ خطرات کو کم کرنے کی حکمت عملیاں سرمایہ کاری کے فرق کوختم کر کے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ منصوبوں میں سرمایہ کاری کو تیز کر سکتی ہیں۔ایس ای سی پی کے چیئرمین اور سپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن کے کمشنر نے کمیشن کے عزم کی تصدیق کی کہ وہ ایک شفاف اور موثر کیپٹل مارکیٹ کی تعمیر کے لئے پرعزم ہیں جس میں بانڈ اجرا کے عمل کو تیز اور کم خرچ بنایا جائے۔ انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ زیادہ شفافیت کے لئے بہتر افشا کے معیارات اپنائیں اور کریڈٹ انہینسمنٹ کو فروغ دے کر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھائیں تاکہ سرمایہ کاری کا دائرہ وسیع ہو سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590714