ایس ای سی پی میں کپیٹل مارکیٹ کی مانیٹرنگ و سپر ویژن بارے ورکشاپ کا انعقاد

122
ایس ای سی پی میں کپیٹل مارکیٹ کی مانیٹرنگ و سپر ویژن بارے ورکشاپ کا انعقاد

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایکویٹی ٹریڈنگ، حصص کی ٹریڈنگ کی نگرانی، اور سسمٹک رسک کے موضوع پر کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ ، کراچی کے ممبران کے لئے ورکشاپ منعقد کی ۔

شرکاء کو پاکستان سٹاک ایکسچینج، نیشنل کلیئرنگ کمپنی، اور سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے ٹریڈنگ، کلیئرنگ، سیٹلمنٹ اور کسٹوڈیل فنکشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی جنہیں مجموعی طور پر کیپٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر انسٹی ٹیوشنز کہا جاتا ہے۔ ورکشاپ میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں نے شرکت کی۔ ایس ای سی پی کی ٹیم نے سٹاک ایکسچینج سرمایہ کی تشکیل، مالیاتی شمولیت اور سرمایہ کاری کے تنوع کے موضوع پر تفصیل سے بات کی۔

سٹاک ایکسچینج میں ڈیجیٹل آن لائن اکاؤنٹ کھولنے کے طریق کار بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فنانشل مارکیٹ کے تمام شعبوں جیسے کہ اثاثہ جات کی انتظامی کمپنیوں، انشورنس کمپنیوں ، بروکروں کے سرمایہ کاروں کے لئے ایک ہی نظام متعارف کرا دیا گیا ہے جیسے کہ سینٹرلائزڈ گیٹ وے پورٹل کا نام دیا گیا ہے، یہ انتہائی سہل اور ڈیجیٹل سسٹم ہے ۔

شرکاء کو سٹاک مارکیٹ کی سرویلنس پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس حوالے سے ایس ای سی پی کے مینڈیٹ کی وضاحت کی گئی ۔ شرکاء کو مارکیٹ میں ہیرا پھیری کی مختلف اقسام، جیسے انسائیڈر ٹریڈنگ وغیرہ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور اس حوالے سے نگرانی کے لیے مختلف طریق کار کے بارے میں بتایا گیا جوایس ای سی پی اور اسٹاک ایکسچینج میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے وضاحت کے لئے شرکاء کو مثالیں اور کیس سٹڈی بھی پیش کی گئیں ۔

ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کا تفصیلی سیشن ہوا ۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ریگولیٹرز اور میڈیا کے درمیان باقاعدہ رابطہ ایک اچھا عمل ہے جو ریگولیٹرز کے ذریعہ زیادہ موثر ریگولیشن اور میڈیا کے ذریعہ زیادہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے لئے سود مند ہے۔