اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):ایس ای سی پی نے سرمایہ کاری کے شعبے میں شفافیت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کے لئے میوچل فنڈز کے تحت پیش کئے جانے والے "سرمایہ کاری منصوبوں” کے لئے جامع رہنما اصول متعارف کرا دیئے۔ یہ اقدام 2008 کے نان بینکنگ فنانس کمپنیز اور نوٹیفائیڈ اینٹٹیز ریگولیشنز میں کی گئی ترامیم کے ذریعہ متعارف کرائی گئی سہولیات پر مبنی ہے۔اس فریم ورک کا مقصد گورننس کو بہتر بنانا، آپریشنز کو منظم کرنا، اور سرمایہ کاری کے لیے محفوظ افق فراہم کرنا ہے جس کے نتیجے میں میوچل فنڈ انڈسٹری میں عوامی شمولیت کو فروغ ملے گا۔
نئے تقاضے وسیع مشاورت کے بعد تیار کئے گئے ہیں جس میں میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا۔یہ تقاضے ان کلیکٹیو انویسٹمنٹ سکیمز کی اہل اقسام کی وضاحت کرتے ہیں جن کے تحت ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں سرمایہ کاری منصوبے پیش کر سکتی ہیں۔آپریشنل تقاضے سرمایہ کاری منصوبوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد، ان کی مدت ایکسپوژر حدود، سرمایہ کاری کی پابندیوں، اور کارکردگی کے بنچ مارکس پر واضح رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
شفافیت کو فروغ دینے کے لئے فریم ورک میں فنڈ آف فنڈ کلیکٹیو انویسٹمنٹ سکیمز کے لئے مخصوص انکشافات اور اضافی خطرات سے متعلق معلومات کی فراہمی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس میں سرمایہ کاری منصوبوں کی پیشکش کے اہم رہنما اصول بھی شامل ہیں جن میں سبسکرپشن کی مدت، نیٹ ایسیٹ ویلیو کے اعلانات، اور دیگر متعلقہ معلومات شامل ہیں۔
فریم ورک میں کل اخراجات کے تناسب تشکیل کے اخراجات، اور دیگر چارجز کے لئے بھی تفصیلی ضوابط وضع کئے گئے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کے لئے مکمل شفافیت اور لاگت کا واضح حساب فراہم کیا جا سکے۔جامع انکشافات کو لازم قرار دینے اور منظم آپریشنل پروٹوکولز متعارف کرانے کے ذریعے یہ فریم ورک سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے تیار کیا گیا ہے۔
یہ اقدامات ایس ای سی پی کے اس عزم کو مضبوط کرتے ہیں جو میوچل فنڈ انڈسٹری میں ایک شفاف، مؤثر، اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کے لئے کیا گیا ہے۔ایس ای سی پی میوچل فنڈ انڈسٹری کے لئے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے اور جدید و منظم مالیاتی مصنوعات تک رسائی کو وسیع کرنے کے عزم پر قائم ہے۔