اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے تمکین سکیورٹیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو لائسنس جاری کر دیا ہے جو کہ پاکستان کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل آن لائن سکیورٹیز بروکر ہے، یہ اقدام ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، لائسنس کا اجرا ء پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سرمایہ کاری تک رسائی کو بہتر بنانے اور ملک بھر میں ریٹیل اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع کو جمہوری بنانے کی سمت میں ایک نمایاں پیشرفت ہے۔
ایس ای سی پی سےجاری پریس ریلیز کے مطابق نئے لائسنس یافتہ ڈیجیٹل بروکریج ہاؤس کے ذریعے سرمایہ کار بغیر کسی جسمانی ملاقات، کاغذی کارروائی یا روایتی بروکریج چینلز کے اکاؤنٹ کھول سکیں گے اور سرمایہ کاری کے سودے کر سکیں گے، یہ اقدام ایس ای سی پی کے سٹریٹجک وژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنا، مالی شمولیت کو فروغ دینا اور جدت کے ذریعے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانا ہے۔
اس پیشرفت کے ساتھ پاکستان ان عالمی مارکیٹوں کی صف میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے کامیابی کے ساتھ مکمل ڈیجیٹل ٹریڈنگ پلیٹ فارمز متعارف کرائے ہیں جو ٹیکنالوجی سے واقف سرمایہ کاروں کی بدلتی ضروریات کو پورا کرتے ہیں اور سٹاک مارکیٹ میں ریٹیل سرمایہ کاروں کی شمولیت کو فروغ دیتے ہیں۔ مکمل طور پر ڈیجیٹل آن بورڈنگ اور لین دین کے عمل سے سرمایہ کاروں کی ایک وسیع تر تعداد کو متوجہ کرنے کی توقع ہے جس سے سٹاک مارکیٹ میں شرکت بڑھے گی، لیکویڈیٹی میں اضافہ ہوگااور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملے گی۔
اس سے قبل ڈیجیٹل فریم ورک کے تحت ایک ایسیٹ مینجمنٹ کمپنی اور ایک لائف انشورنس کمپنی کو لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ صرف ڈیجیٹل نان لائف انشورنس کے لئے درخواست زیرِ غور ہے۔ ڈیجیٹل ثالثی ادارے نہ صرف کم لاگت کے ڈھانچے کے حامل ہوتے ہیں بلکہ ان کی رسائی وسیع تر ہوتی ہے اور یہ خودکار تعمیلی نظام سے بھی لیس ہوتے ہیں۔
ایس ای سی پی پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے کے لئے جدید، ٹیکنالوجی پر مبنی حل متعارف کرانے اور ایسے مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے جو ایک محفوظ، شفاف اور سرمایہ کار دوست نظام کی حمایت کرتا ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=558456