اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کی جانب سے قرض فراہم کرنے والی ڈیجیٹل لون ایپس کے اندراج کو تیز اور آسان بنانے کے لئے طریق کار کی وضاحت سے متعلق سرکلر جاری کر دیا ہے ۔ جمعرات کوایس ای سی پی کے جاری اعلامیہ کے مطابق جاری کردہ سرکلر 14 کے ذریعے سیلف اسسمنٹ ڈیکلریشن فارم میں وہ تمام متعلقہ معلومات درج کی گئی ہیں جو ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے قرض دینے والے این بی ایف سیز کو فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
اس کے ساتھ اپنی ایپ کا ایس ای سی پی کی وائٹ لسٹ میں اندرج کرانے کی درخواست فارم بھی شامل ہے۔ ایس ای سی پی عوام کو مالی مصنوعات و خدمات جیسے کہ ڈیجیٹل لون ایپس سے قرض کے حصول تک ذمہ دارانہ اور محفوظ سہولت تک رسائی کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ ایس ای سی پی کا ریگولیٹری فریم ورک تمام لائسنس یافتہ این بی ایف سیز سے صارفین کی معلومات کی رازداری اور سالمیت کو برقرار رکھنے اور قرض حاصل کرنے والے صارف کی فون بک یا فوٹو گیلریوں تک غیر مجاز رسائی کو روکنے کے لیے مناسب سائبرسیکیوریٹی اقدامات اور کنٹرول قائم کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔
سائبر سیکیورٹی کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والی ایپس کو ایس ای سی پی کی منظور ی کے بعد قرض فراہم کرنے والی ایپس کی وائٹ لسٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کو نئی پروڈکٹ ، ایمبیڈڈ فنانس ، پراڈکٹ کی خریداری پر اقساط کی ادائیگی، ایڈوانس تنخواہ کی ادائیگی اور دیگر ایسی خدمات و پراڈکٹ متعارف کرنے کا فریم ورک بھی متعارف کروایا ہے۔