اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):ایس ای سی پی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی غیر لائسنس یافتہ آن لائن ٹریڈنگ ویب سائٹس، پلیٹ فارمز اور موبائل ایپس کے ذریعے سرمایہ کاری سے گریز کریں جو مقامی یا بین الاقوامی مارکیٹوں میں حصص یا دیگر مالیاتی مصنوعات میں غیر حقیقی منافع کا لالچ دے کر لوگوں کو دھوکہ دیتی ہیں۔ایس ای سی پی کو لائسنس یافتہ سیکیورٹیز بروکرز اور سرمایہ کاروں کی جانب سے متعدد پلیٹ فارمز کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں انٹریکٹو بروکرز گروپ (IBKR)، IGIL سیکیورٹیز کنٹری، BMA کیپیٹل No.108/BMAC گلوبل پرو، WTIC ورلڈ ٹاپ انویسٹر کمپی ٹیشن ، اور AVIVA SECURITIESاویوا سیکیورٹیز وغیرہ شامل ہیں۔ایسے دھوکہ دہی پر مبنی پلیٹ فارمز کو سوشل میڈیا پر بڑے منافع اور کم رسک کے جھوٹے دعوؤں کے ساتھ پروموٹ کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ آسانی سے ان کے جھانسے میں آ جائیں۔
یہ جعلی پلیٹ فارمز غیر تصدیق شدہ موبائل یا ویب ایپس کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے کہتے ہیں اور ایسے لنکس دیتے ہیں جو اصل ٹریڈنگ پلیٹ فارمز جیسے لگتے ہیں۔ یہ لوگ مشہور کمپنیوں، ماہرین، اور یہاں تک کہ ریگولیٹری اداروں کے نام، لوگوز اور تصاویر کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارمز جعلی ڈیش بورڈ دکھاتے ہیں جن میں جھوٹے بیلنس اور منافع کی رقم ہوتی ہے، حالانکہ اصل میں کوئی ٹریڈنگ یا سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہوتی۔شروع میں کچھ چھوٹا منافع نکالنے کی اجازت دی جاتی ہے تاکہ اعتماد قائم ہو جائے، پھر زیادہ رقم لگانے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ جب مزید رقم جمع کرا دی جاتی ہے یا کوئی فرد مزید سرمایہ کاری سے انکار کرتا ہے یا اپنا پیسہ واپس نکالنے کی کوشش کرتا ہے تو اچانک اس کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا جاتا ہے۔
پاکستان میں کسی بھی درج شدہ کمپنی کے شیئرز یا کموڈیٹیز کی خرید و فروخت صرف ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ سیکیورٹیز اور فیوچرز مارکیٹ بروکرز کے ذریعے ہی کی جا سکتی ہے۔ مجاز بروکرز کی فہرستیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج لمیٹڈ کی ویب سائٹس پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ایس ای سی پی کی جانب سے ایسے جعلی پلیٹ فارمز اور ان سے جڑے بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہونے پر فوری طور پر ایف آئی اے، پی ٹی اے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اطلاع دی جاتی ہے تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔
عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی غیر لائسنس یافتہ ادارے یا فرد کے ساتھ رقم جمع کروانے یا سرمایہ کاری سے گریز کریں، جو غیر مجاز ٹریڈنگ یا سرمایہ کاری کی خدمات پیش کر رہا ہو۔ کسی بھی مالی معاہدے میں شامل ہونے سے پہلے ضروری ہے کہ سرمایہ کار اس پلیٹ فارم یا فرد کی قانونی حیثیت کی تصدیق کریں۔لوگوں کو یہ بھی سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا میسجنگ ایپس پر کسی بھی غیر تصدیق شدہ ذریعے کے ساتھ اپنی ذاتی یا مالی معلومات شیئر نہ کریں، کیونکہ اس سے مالی نقصان اور شناخت چوری کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600138