اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ایک اور غیر قانونی ڈیپازٹ لینے/سرمایہ کاری سکیم کی نشاندہی کی ہے جو ” Summit 4X Trade ” اور ” Summit AH Experts ” کے نام سے چلائی جا رہی ہے،اس سکیم کے سپانسرز عبدالحئی اور سمر عباس بنیادی طور پر ضلع لیہ کے رہائشیوں کو ہدف بنا رہے ہیں، یہ لوگ برانچ دفاتر، واٹس ایپ اور کالز کے ذریعے عوام سے رابطہ کرتے ہیں اور انہیں ” Summit 4X Trade ” اور ” Summit AH Experts ” میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔عبدالحئی نے ایس ای سی پی کے تحت کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ” Summit AH Experts (SMC-Private)Limited ” کے نام سے ایک کمپنی رجسٹر کرائی ہے۔
یہ کمپنی عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے اپنی رجسٹریشن کی قانونی حیثیت کا غلط استعمال کرکے قانونی ہونے کا جھوٹا تاثر پیدا کر رہی ہے۔ ایس ای سی پی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی دھوکہ دہی پر مبنی سکیموں کا شکار نہ ہوں اور کسی بھی سرمایہ کاری سے پہلے مکمل تحقیقات کریں۔ ایس ای سی پی نے واضح کیا ہے کہ یہ کمپنی یا غیر رجسٹرڈ ادارے کسی بھی شکل یا انتظام کے تحت ڈیپازٹ یا سرمایہ کاری قبول کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔ایس ای سی پی عام لوگوں کو سختی سے متنبہ کرتا ہے کہ وہ Summit 4X Trade/Summit AH Experts /Summit AH Experts (SMC-Private) Limited یا اس سے ملتے جلتے کسی بھی غیر قانونی سرمایہ کاری یا ڈیپازٹ لینے والے پلیٹ فارم کے ساتھ فنڈز میں سرمایہ کاری یا جمع نہ کریں۔
ایس ای سی پی نے اس کمپنی کا نام اپنی آفیشل ویب سائٹ پر موجود ” List of Companies Engaged in Unauthorized Activities ” میں شامل کر دیا ہے۔اس کے علاوہ ایس ای سی پی نے اس غیرقانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف مزید کارروائی کے لئے یہ معاملہ متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو بھیج دیا ہے۔ عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسی کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین کرنے سے گریز کریں۔عوام الناس کو ایک بار پھر یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ کسی کمپنی کا "سرٹیفکیٹ آف انکارپوریٹیشن” صرف اس کی ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹریشن کی تصدیق کرتا ہے
اور کمپنی کو ڈپازٹس جمع کرنے یا سرمایہ کاری سکیمیں شروع کرنے کا اختیار نہیں دیتا۔ ایس ای سی پی افراد پر زور دیتا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی سرمایہ کاری کے موقع کی قانونی حیثیت کو اس کے سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں۔