اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ا ی سی پی)نے پاکستان میں انشورنس سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے انشورنس کمپنیوں ، لائف اور نان لائف کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد کئے ۔ اس موقع پر کمشنر انشورنس عامر خان نے کہا کہ انشورنس سیکٹر کی ترقی اور توسیع کے پانچ سالہ پلان کےتحت 2028 تک جدت، ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیٹا تک رسائی کے ذریعے ایک جامع، اختراعی اور مضبوط انشورنس انڈسٹری کا ہدف کمیشن کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ5 سالہ سٹرٹیجک پلان کے بنیادی مقاصد میں ایس ای سی پی کی طرف سے ڈیجیٹلائزیشن اور انشورنس کمپنیوں کے ساتھ ایس ای سی پی پالیسی ٹریکنگ کی سہولت اور لازمی موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کو نافذ کرنے کے لئے انشورنس پالیسی فائنڈر اور آٹو انشورنس ریپوزٹری شروع کی جا سکے گی۔ انہوں نے صارفین کے بہتر سفر اور تنظیمی کارکردگی کے لئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے میں صنعت کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور مزید پیشرفت کے لیے شرکاء سے تجاویز طلب کیں۔