راولپنڈی ۔12اکتوبر (اے پی پی):سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق ایس سی او اجلاس کے لئے راولپنڈی پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ایس سی او اجلاس کے لئے 3500 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے جبکہ 700 کے قریب افسران و اہلکار ٹریفک مینجمنٹ کے فرائض انجام دیں گے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ روٹ اور گردو نواح میں پولیس موبائلز، ایلیٹ اور ڈولفن فورس کے دستے گشت کریں گے اور روٹ کی چھتوں پر سنائپر تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا ڈبل سواری پر پابندی ہو گی، ایونٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے لئے حکومتی احکامات اور ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا، تاجر برادری و تنظیموں کے تعاون پر شکر گزار ہیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے التماس کی کہ ایونٹ کے دوران سکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات کے سلسلہ میں تعاون کریں۔