اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر ناصر قریشی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پاکستان کے علاقائی اور عالمی عروج کے لئے محرک ثابت ہو سکتا ہے،اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم محمدشہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔بدھ کو یہاں جاری ایک بیان میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر قریشی نے اجلاس کی کامیاب میزبانی کو پاکستان کے لئے انتہائی فخر کی بات قرار دیا ہے جس نے اسے اقتصادی ترقی اور علاقائی انضمام کو مضبوط کرنے کے لئے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کیا،انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان تجارت اور ترقی کے لئے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ کمیونٹی کے لئے ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے اجتماعی دانش کو بروئے کار لانے کی ضرورت اجاگر کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کے عوام کے باہمی مفاد کے لئے استحکام اور ترقی کا مینار ہے۔ انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ شرکاء نے ریلوے ٹرانسپورٹ، بندرگاہوں، لاجسٹکس اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سائنسی اور تکنیکی اختراعات، ٹرانسپورٹ کی ترقی، جدید لاجسٹک مراکز اور انسانی وسائل، ڈیجیٹلائزیشن، تحفظ کو یقینی بنانےکی اہمیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے روسی قیادت کو کونسل کی چیئرمین شپ سنبھالنےپرمبارکباد دی۔