ایس سی او رکن ممالک کے درمیان تعاون اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے سیاحت ایک اہم ذریعہ ہے، آفتاب الرحمن رانا

130
PTDC
PTDC

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے کہا ہے کہ ایس سی او رکن ممالک کے درمیان بین الاقوامی تعاون باہمی افہام و تفہیم اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے سیاحت ایک اہم ذریعہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے رہنمائوں نے معیشت، تجارت، سیاحت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23ویں اجلاس میں شرکت کی، ایس سی او جغرافیائی دائرہ کار اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی علاقائی تنظیم ہے جو دنیا کے تقریباً 24 فیصد رقبے اور دنیا کی 42 فیصد آبادی پر محیط ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے کا بھرپور ثقافتی اور زمینی تزئین کا تنوع سیاحت کی صنعت کی ترقی اور فروغ کے لئے لامحدود امکانات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے اندر تعاون کا ایک اہم شعبہ ہے، متنوع تہذیبوں کے لئے زرخیز زمین کے طور پر ایس سی او ممالک کے پاس دنیا کے تقریباً 150 نمایاں قدرتی اور ثقافتی ورثے کے مقامات کے علاوہ ہزاروں دیگر سیاحتی مقامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کے درمیان بین الاقوامی تعاون، باہمی افہام و تفہیم اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے سیاحت ایک اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مئی 2024 میں ایس سی او ممالک کی الماتی میں سیاحت کی انتظامیہ کے سربراہان نے 25۔2024 کے لئے ایس سی او کے مشترکہ ایکشن پلان آف ٹورازم کی منظوری دی جس کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں سیاحتی خدمات کا اعلیٰ معیار ، سیاحت کی پائیدار ترقی کے لئے سازگار حالات پیدا کرنا اور مشترکہ سیاحتی جگہ کا قیام یقینی بنانا ہے۔انہوں نے ثقافتی اور انسانی ہمدردی کے تناظر میں ایس سی او ریاستوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک اہم عنصر کے طور پر سیاحت کے شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مزید کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔