اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کو دلکش اور دیدہ زیب سجاوٹ کے ساتھ ساتھ برقی قمقموں سے منور کیا گیا جس نے شہر کے قدرتی حسن کو دوبالا کر دیا۔
سی ڈی اے نے شہر کے اہم مقامات اور راستوں و چوراہوں کو تھری ڈی لائٹس سے مزین کیا۔ شاہراہ دستور ، سرینا چوک اور راول ڈیم چوک جیسے اہم علاقوں میں عمارتیں اور یادگاریں مختلف پھولوں سے سجائی گئیں جو پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے اور ایس سی او کے رکن ممالک کے اتحاد کی بھرپور عکاسی کر رہی ہیں۔
دلکش سجاوٹ سے مذکورہ مقامات ایک شاندار منظر پیش کر رہے ہیں۔ دلکش مناظر دیکھنے والے شہری مذکورہ روشنیوں اور پھولوں کے ڈیزائن سے مسحور ہوتے رہے جو جدید ٹیکنالوجی اور روایتی جمالیات کا حسین امتزاج دکھائی دیئے، سڑکوں اور پلوں سے لے کر عمارتوں پر بڑے پیمانے پر اسلام آباد کو سربراہ اجلاس کے شایان شان روشنیوں اور بھرپور سجاوٹ کے ذریعے خوبصورت شہر میں تبدیل کیا گیا۔
اسلام آباد خوبصورت روشنیوں میں جگمگا اٹھا ہے،یہ خوبصورتی بین الاقوامی رہنمائوں کی میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔اس سربراہی اجلاس میں علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے جیسے اہم امور پر توجہ دی گئی۔ اسلام آباد میں وفود کے پرتپاک استقبال کے لئے سی ڈی اے نے خصوصی انتظاما ت کئے جن میں پاکستان کی مہمان نوازی اور عالمی سطح پر کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے اس کی لگن اور عزم کی جھلک نظر آتی ہے۔