ایس سی او کانفرنس کی میزبانی پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے ،باہمی تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے کاموقع فراہم کرے گی، تاجر رہنماشاہد عمران

111

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):فوڈ اینڈ سنیکس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ریجنل چیئرمین شاہد عمران نے کہا ہے کہ ایس سی او سربراہ کانفرنس پاکستان کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور رکن ممالک کے ساتھ تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے کا نادر موقع فراہم کرے گی۔

اتوار کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے ، یہ کانفرنس علاقائی تعاون اور انضمام کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو بھی ظاہر کرتی ہے۔انہوں نےکہا کہ معیشت کی سمت درست ہونے کی وجہ سے پاکستان ایس سی او کے اہداف میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے جس سے پورے خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔