ایس سی او کانفرنس کے موقع پر پی ٹی آئی کا ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان سازش ہے، فیصل کریم کنڈی کی میڈیا سے گفتگو

134
Faisal Karim Kundi
Faisal Karim Kundi

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ ایس سی او کانفرنس کے موقع پر پی ٹی آئی کا ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان سازش ہے، پی ٹی آئی کا ہمیشہ ملک کے خلاف ایجنڈا رہا ہے، یہ ملک دشمنوں کے ساتھ کام کررہے ہیں، ہم پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے،پی ٹی آئی 15 اکتوبر کے احتجاج کی کال واپس لے۔ہفتہ کواسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس ملک میں جو کچھ ہورہا ہے سب کے سامنے ہے، پاکستان میں بہت عرصے بعد ایک اہم ترین انٹرنیشنل کانفرنس ہورہی ہے ، ہم پاکستان کا مثبت تشخص کودنیا کو دکھانا چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی نے کانفرنس والے دن احتجاج کی کال دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اخبارات عمران خان کے حق میں آرٹیکل لکھ رہے ہیں،کیا ڈی چوک میں احتجاج کرنے سے بانی پی ٹی آئی رہا ہوجائیں گے؟ کیا ڈی چوک میں احتجاج کرنے سے نمبر پورے ہونے پر آئینی ترمیم نہیں ہوگی؟گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہمیشہ ملک کے خلاف ایجنڈا رہا ہے، یہ ملک دشمنی کے ساتھ کام کررہے ہیں اگر آپ کے مطالبات آئین کے مطابق ہیں تو ضرور سنے جائینگے۔ ان کاکہناتھا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں ایس سی او کانفرنس پر ایک ہیں ، ہم ون پوائنٹ ایجنڈے پر کاربند ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کا امن خراب ہوچکا ہے، ان کا ایجنڈا تھا کہ ہم انڈیا کے وزیر کو لاکر دھرنے سے خطاب کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان ہے پھر بعد میں کسی کی سیاست۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہم سے زیادہ قیادت اور ورکرز کی قربانی کسی دوسری پارٹی نے نہیں دی لیکن پھر بھی ملک کے خلاف نعرہ نہیں لگایا بلکہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کا سب سے بہترین فورم پارلیمنٹ ہے، یہ لوگ دوسروں کے بچوں کومروانے کے چکر میں ہیں، خود بھی سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کریں، یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے ، احتجاج آپکا حق ہے لیکن یہ موقع ٹھیک نہیں ہے۔فیصل کریم کنڈی کاکہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سیاسی شخصیت ہیں اور انہوں نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، مولا نا فضل الرحمان کا ووٹ ہمارے حق میں ہوگا، فضل الرحمان نے ہمیشہ جمہورت کیلئے جدو جہد کی ۔