پشاور۔ 14 مارچ (اے پی پی):ایس پی صدر ڈویژن پشاور محمد زمان خان نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے تھانہ متنی، چوکی سرہ خورہ، چوکی میرہ متنی، ارباب ٹاپو، باونڈری پر واقع متصل چوکیوں اور دیگر حساس مقامات کا دورہ کیا۔ تھانوں اور چوکیوں کے اندرونی، بیرونی اور اطراف کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ ریکارڈ، روزنامچہ، صفائی ستھرائی، سرکاری اسلحہ اور رجسٹرات اور سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایس پی صدر ڈویژن نے سکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمہ وقت مستعد اور چوکس رہتے ہوئے سماج دشمن عناصر اور دیگر جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی حفاظت کرکے دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ و ہلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔انہوں نےکہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔