ایشز سیریز، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنالئے ، آسٹریلوی اننگز کاسکور برابر کرنے کے لئے مزید 58 رنز درکار، کپتان جو روٹ اور ڈیوڈ میلان کی ناقابل شکست نصف سنچریاں

102
ایشز سیریز، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنالئے ، آسٹریلوی اننگز کاسکور برابر کرنے کے لئے مزید 58 رنز درکار، کپتان جو روٹ اور ڈیوڈ میلان کی ناقابل شکست نصف سنچریاں

برسبین۔10دسمبر (اے پی پی):ٹریوس ہیڈکی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگزمیں 278رنز کی برتری کے ساتھ 425رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ٹریوس ہیڈ 152،ڈیوڈ وارنر 94اور مارنس لبوشین 74 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ انگلینڈ کے اولی روبنسن اور مارک ووڈ نے تین ،تین اور کرس ووکس نے دو جبکہ جیک لیچ اور جو روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنالئے اور اس کو آسٹریلوی برتری کو ختم کرنے کے لئے مزید 58رنز کی ضرورت ہے۔ کپتان جوروٹ 86 اور ڈیوڈ میلان 80 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔

جمعہ کو برسبین کرکٹ گرائونڈ میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 343رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹریوس ہیڈ 112 اور مچل سٹارک 10 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ مچل سٹارک 35 رنز بناکر کرس ووکس کی گیندپر برنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، نیتھن لیون 15 رنز بناکر مارک ووڈ کی گیند پر اولی روبنسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

ان کے بعد ٹریوس ہیڈ کی عمدہ اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 152 رنز بنانے کے بعد مارک ووڈ کی گیند کا نشانہ بنے۔ جوش ہیزل ووڈ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آئوٹ رہے۔میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں 278رنز کی برتری کے ساتھ 425رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کے اولی روبنسن اور مارک ووڈ نے تین ،تین اور کرس ووکس نے دو جبکہ جیک لیچ اور جو روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں انگلینڈ کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز حسیب حمید اور رورے برنز نے کیا۔

انگلینڈ کی پہلی دو وکٹیں 61 کے مجموعی سکور پر گرگئی جس کے بعد ڈیوڈ میلان اور کپتان جوروٹ نے محتاط انداز میں عمدہ بلے بازی کا سلسلہ شروع کیا اور کینگروز بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے دونوں کھلاڑیوں نہ صرف تیسری وکٹ پر ناقابل شکست 141رنز کی شراکت داری قائم کی بلکہ اس دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔

میچ کے تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنالئے اور اس کو آسٹریلوی برتری کو ختم کرنے کے لئے مزید 58رنز کی ضرورت ہے۔ کپتان جوروٹ 86 اور ڈیوڈ میلان 80 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک اور کپتان پیٹ کمنز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔