ایشون کی تباہ کن باﺅلنگ، بھارت نے نیوزی لینڈ کو آخری ٹیسٹ میں 321 رنز سے ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا

124

انڈور ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) چیتشورپوجارا کی شاندار سنچری کے بعد ایشون کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 321 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، بھارت نے اپنی دوسری اننگز 216 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کر کے کیویز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 474 رنز کا ہدف دیا، پوجارا 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 153رنز پر ڈھیر ہو گئی، ایشون کی جادوئی سپن باﺅلنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، روز ٹیلر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، ایشون نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایشون نے میچ میں 13 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ایشون کو عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔