ایشیائی ترقیاتی بنک نے مشکل صورتحال میں پاکستان کی مدد کی،سیلاب متاثرین کی بروقت امداد نہ کی جاتی تو معاشی بحران سے نکلنانا ممکن ہوتا، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان

182
سیلاب متاثرین

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بنک نے مشکل صورتحال میں نجی و سرکاری شعبے کے ذریعے پاکستان کی مدد کی،سیلاب متاثرین کی بروقت مدد نہ کی جاتی تو معاشی بحران سے نکلنا نا ممکن ہوتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انویسٹمنٹ رزیلینٹ اینڈ اڈاپٹیو فیوچر آف پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ محمد جہانزیب خان نے کہا کہ اپنے تمام سٹیک ہولڈرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مستحکم و مضبوط انفراسٹرکچر کی تعمیر میں پاکستان کی بر وقت مدد کی،اے ڈی بی نے مشکل صورتحال میں نجی و سرکاری شعبے کے ذریعے پاکستان کی مدد کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر شعبے کا تفصیلی جائزہ لیا، پالیسی بنائی، فنڈز کو بہتر طور پر استعمال کرنے کے لیے لائحہ عمل بنایا، یہ سب کرنا آسان نہیں تھا اس کے لئے بہت محنت کرنا پڑی، ہمارے افسران نے دن رات ایک کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی فراہمی بالخصوص پرائیویٹ فنانسگ سب سے بڑا چیلنج تھا، سیلاب متاثرین کی بروقت مدد نہ کی جاتی تو معاشی بحران سے نکلنا نا ممکن ہوتا۔