ایشیائی ترقیاتی بینک اور وزارت اقتصادی امور کے درمیان بجلی کی ترسیل کے منصوبے کے لیے 20 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط

137

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک اور وزارت اقتصادی امور کے درمیان بجلی کی ترسیل کے منصوبے کے لیے 20 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

منگل کویہاں وزارت اقتصادی امور میں ہونے والی تقریب کے دوران معاہدے پردستخط کردئیے گئے۔ معاہدے پر وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی منظوری کے بعد سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت بجلی کی تین تقسیم کار کمپنیوں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کو جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر، ڈیٹا مینجمنٹ سسٹمز اور اثاثہ جات کی کارکردگی کے انتظامی نظام (اے پی ایم ایس) فراہم کئے جائیں گے۔

سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ایشیائی ترقیابی بینک کے قرض کے بروقت اور موثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا اور تمام متعلقہ فریقین خصوصاً تقسیم کار کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کریں۔ انہوں نے پاکستان کے بجلی کے اہم شعبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے طور پر کردار کی تعریف کی اور اس کی مسلسل معاونت کو سراہا۔

ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ یہ منصوبہ بجلی کی ترسیلی نظام کو اپ گریڈ اور جدید بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی تقسیم کے دوران ہونے والے بڑے نقصانات کو کم کرنا ہے۔

ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم نے منصوبے کی تکمیل میں حکومت پاکستان کی فعال شمولیت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک وزارت اقتصادی امور اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق مکمل حمایت فراہم کی جا سکے۔