منیلا۔31جنوری (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے ایشیا اور بحرالکاہل میں ترقی پذیرممالک کو سال 2023 میں گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے سے متلق کلائمیٹ فنانس کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے سال 2023 میں ایشیا اور بحرالکاہل میں ترقی پذیر رکن ممالک کو گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو کم کرنے اور عالمی حدت کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کے لیے ریکارڈ فنڈز کی کمٹمنٹ کی ،ا
ے ڈی بی نے گزشتہ سال اپنے وسائل سے کلائمیٹ فنانس میں 9.8 ارب ڈالر کی کمٹمنٹ کی جس میں 5.5 ارب ڈالر میٹی گیشن اور 4.3 ارب ڈالر کی امداد ا یڈاپٹیشن سے متعلق ہیں یہ فنڈز سال 2022 کے کلائمیٹ فنانس سے 46 فیصد زیادہ ہیں۔ایڈاپٹیشن فنانسنگ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ کے لئے اہمیت کا حامل ہے جو زیادہ شدید گرمی، خشک سالی اور شدید بارشوں کا سامنا کر رہا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر ماساتسوگو اسکاوا نے کہاہے کہ 2023 ریکارڈ پر گرم ترین سال تھا ۔ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج زیادہ رہا، علاوہ ازیں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا بھی خطرہ ہے،اے ڈی بی 2030 تک اپنے وسائل سے کلائمیٹ فنانسنگ کے لئے 100 ارب ڈالر فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔غربت میں کمی اور معیار زندگی میں بہتری کے لئے ترقی پذیر ممالک کو گرانٹ فراہم کی جاتی ہے۔