
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی اموراحدخان چیمہ نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کاکلیدی ترقیاتی شراکت دارہے، معاشی استحکام اورپائیدارنموکیلئے حکومت جامع اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کرنے میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو و متبادل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد سے ملاقات میں کہی۔
ملاقات میں ملک کی ترقیاتی ترجیحات اور معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔بینک کا وفد 6 سے 12 اکتوبر 2024 تک پاکستان کے دورے پر ہے اور حکومت اور دیگر اہم شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے تاکہ اے ڈی بی کی معاونت کو حکومت کی ترجیحات کے ساتھ بہتر طریقے سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کاکلیدی ترقیاتی شراکت دارہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ معاشی استحکام اورپائیدارنموکیلئے حکومت اصلاحات کے جامع ایجنڈے پرعمل پیرارہے گی ۔
انہوں نے وفد کوبتایاکہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، توانائی کے شعبے میں بہتری اور ریاستی ملکیتی اداروں کی تنظیم نو سمیت اصلاحات کے پروگرام پرعمل درآمدہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں قومی معیشت میں بہتری آئی ہے، ملکی کرنسی مستحکم ہوئی ،افراط زرمیں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بینک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے ،بنیادی ڈھانچہ کی بہتری ، اور سماجی بہبودکے منصوبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے اوراس ضمن میں پاکستان کے ترقیاتی ترجیحات کومدنظررکھا جائے ۔ وفد نے حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے، مالی استحکام پیدا کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔