اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈٰی بی) کا58واں سالانہ اجلاس 4 سے 7 مئی 2025 تک اٹلی کے شہرمیلان میں منعقد ہوگا۔ اٹلی پہلی بارایشیائی ترقیاتی بینک کے اجلاس کی میزبانی کررہاہے جبکہ یورپ میں تقریباً ایک دہائی کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کا سالانہ اجلاس ہوگا۔ اجلاس کاموضوع ”تجربات کے اشتراک سیکل کی تعمیر” رکھا گیا ہے۔
اجلاس میں رکن ممالک کے عہدیدار ایشیا اوربحرالکاہل کے خطہ میں ترقیاتی مسائل اور چیلنجز پر غور کریں گے ۔ اجلاس میں عمومی طورپر وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرز، اعلیٰ حکومتی اہلکار، نجی شعبہ و بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمایندگان کے علاوہ ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں۔
بینک کے صدر نے ایک بیان میں کہاہے کہ خطے کے ممالک موسمیاتی اور ترقیاتی چیلنجزکاتسلسل سے سامناکررہے ہیں اور ان کا حل تلاش کرنے کے لئے ہمارے مسلسل اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ میلان، جدت و صنعتی لحاظ سے کلیدی اہمیت کاحامل شہر ہے جو ترقی اور تعاون کے جذبے کی نمائندگی کرتا ہے، اور یہ تجربات کے اشتراک اور بہتر کل کی تعمیر کے لئے ایک مثالی مقام ہے۔