ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بروقت معاونت کوسراہتے ہیں، وفاقی وزیرایازصادق

199
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بروقت معاونت کوسراہتے ہیں، وفاقی وزیرایازصادق

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا کلیدی اوردیرینہ ترقیاتی شراکت دارہے اورپاکستان سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی بروقت معاونت کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے وسطی ومغربی ایشیا ایوجین زوکوف سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں اورلوگوں کی امدادکیلئے 3 ملین گرانٹ اوربریس پروگرام کے تحت پاکستان کیلئے 1.5 ارب ڈالرکی بروقت معاونت کوسراہتاہے۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان کی حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں اورلوگوں کی امدادکیلئے پرعزم ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لاکھوں خاندانوں کونقدامدادکی زیادہ ترفراہمی ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موسمیاتی اورماحولیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے اورپاکستان اس حوالے سے اقدامات کررہاہے۔

ملاقات میں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری،مکمل اورمستقبل کے منصوبوں کاجائزہ لیاگیا۔وفاقی وزیرنے کہاکہ اے ڈی بی پاکستان کاکلیدی ترقیاتی شراکت دارہے، وفاقی وزیرنے پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔