ایشیائی خطے کی ایک تہائی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسرکررہی ہے ، وزیرمملکت برائے خزانہ کا الپارلیمانی یونین کے سیمینار سے خطاب

220

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ہزاریہ ترقیاتی اہداف میں صحت ، تعلیم ، ہنرمندی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی،نکاسی آب اہم موضوعات ہیں،ہمیں اپنے نوجوانوں کو بہتر تعلیم اورہنر سیکھانا ہوگا، ترقی کے ثمرات غریب طبقے تک نہ پہنچنا بدقسمتی ہے، ہمیں زراعت اور دیہی علاقوں کی ترقی پرتوجہ دینا ہوگی۔

منگل کوبین الپارلیمانی یونین کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا65فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کےلئے روزگارکے مواقع میں اضافہ کرنا ہوگا،

نجی شعبہ سمیت ہر شعبے کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت ہم سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی کا شکار ہیں، 3کروڑ30 لاکھ افراد اس سے متاثر ہیں، لاکھوں ایکڑ پرکھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 6 لاکھ سے زائد خواتین حاملہ ہیں جن میں سے 75 ہزار کے ہاں اسی ماہ بچے کی پیدائش متوقع ہے، ان کےلئے طبی سہولیات درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قوت گویائی سے محروم افراد کےلئے آواز بننے کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے ترقی کے ثمرات غریب طبقے تک نہیں پہنچ سکے،

ایشیائی خطے کی ایک تہائی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسرکررہی ہے، آج ایک اچھا موقع ہے کہ غربت کے خاتمہ کےلئے اقدامات کئے جائیں، ایشیائی خطے میں 70کی دہائی میں غیرمعمولی ترقی ہوئی ۔