ایشیا میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں سب سے زیادہ ترقی پاکستان میں ہوئی ہے، معیشت کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہیں،سٹارٹ اپس میں 30 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری آ چکی ہے، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کا بین الاقوامی یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب

165

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ایشیا میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں سب سے زیادہ ترقی پاکستان میں ہوئی ہے، سٹارٹ اپس میں 30 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری آ چکی ہے، معیشت کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں لیکن ان سے نبردآزما ہیں،نوجوان نئے آئیڈیاز کے تحت کاروبار کیلئے بنکوں سے 10لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں موجودہ حکومت نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ملکی ترقی میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ نوجوان نئے آئیڈیاز کے تحت کاروبار کیلئے بنکوں سے 10لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں،دوسرے سلیب کے تحت نوجوان ڈھائی کروڑ روپے تک کا قرضہ بھی لے سکتے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آئیڈیاز کے تحت نوجوان گھر بیٹھے آئی ٹی کے ذریعے کاروبار کر سکتے ہیں، 2018میں آئی ٹی برآمدات 80 کروڑ ڈالر تھیں جن میں اب نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کو مراعات دی گئیں اس شعبہ کیلئے ایک ہزار ارب روپے منظور ہو چکے ہیں۔

وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کی ترقی سے 120منسلک شعبے چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کم لاگت گھروں کیلئے 100ارب روپے کے قرضے منظور ہو چکے ہیں۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ایشیامیں ٹیکسٹائل کے شعبے میں سب سے زیادہ ترقی پاکستان میں ہوئی ہے، سٹارٹ اپس میں 30 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری آ چکی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ملک میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق 2 لاکھ بچوں کو سکالر شپس دے چکے ہیں، معیشت کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں لیکن ان سے نبردآزما ہیں۔