ایشیا و بحرالکاہل کے خطے میں تیزرفتاری پر قابو پا کر حادثاتی اموات کی شرح کافی حد تک کم کی جاسکتی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

143
Asian Development Bank
Asian Development Bank

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی)نے کہاہے کہ ایشیا و بحرالکاہل کے خطے میں تیزرفتاری پر قابو پاکر سڑک حادثات کے باعث ہونے والی اموات کی شرح کافی حد تک کم کی جاسکتی ہے۔ یہ بات اے ڈی بی کی حالیہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔

رپورٹ میں سڑکوں پر رفتار کے طریقہ ہائے کار کو بہتر بنانے کے لئے ایشیااور بحر الکاہل کے ممالک کو مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہےکہ اوسط رفتار میں ایک فیصد کمی کی صورت میں ٹریفک حادثات کی شرح میں 4 فیصد جبکہ اموات کی شرح میں 3.5 فیصد تک کی کمی لائی جاسکتی ہے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال ٹریفک حادثات کے نتیجے میں11 لاکھ 90ہزار سے زائد انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، ایشیااور بحرالکاہل کے خطے میں ٹریفک حادثات میں روزانہ 2 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

رپورٹ میں ایشیااور بحر الکاہل کے خطےمیں سڑکوں پر اوسط رفتار میں کمی کی سفارش کی گئی ہے ، کہاگیاہے کہ خطے کے کئی ممالک نے شہری علاقوں میں اوسط رفتار 50 اور 60 کلومیٹر سےکم کر کے40 کلومیٹر تک کر دی ہے جبکہ کئی ممالک اسے مزید کم کرکے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

رپورٹ میں سڑکوں پر رفتار کے حوالے سے آگاہی اور انفورسٹمنٹ کے طریقوں میں بہتری لانے کی بھی سفارش اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاگیاہے۔