ایشیا کپ، سری لنکا نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی، بھارت کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم

115

دبئی۔6ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے راہ ہموار کرلی جبکہ بھارت کے متواتر دوسری شکست کے بعد فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہوگئے، سری لنکا نے 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا،کوسل مینڈس اور پاتھم نسانکا نے 97رنزکا جاندارآغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، مینڈس 57اور پاتھم 52رنز بنا کر نمایاں رہے، داسن شناکا کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو ان کیلئے درست ثابت ہوا، بھارت نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنائے، کپتان روہت شرما نے 41 بالوں پر 72 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل ہیں، سوریا کمار یادیو نے 34 ، ہارڈک پانڈیا اور رشبھ پانٹ نے 17,17 رنز بنائے جبکہ ایشون 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے،لوکیش راہول 6رنز بنا سکے جبکہ سابق کپتان ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، دلشان مدوشنکا نے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، کرونارتنے اور داسن شناکا نے دو دو جبکہ مہیش تھکشانا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں سری لنکا نے 174 رنز کا ہدف اعصاب شکن مقابلے کے بعد آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، سری لنکن اوپنرز پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنا کر بڑے ہدف کو آسان بنا دیا، نسانکا 37 بالوں پر 52 اور مینڈس 37 بالوں پر 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد چرتھ اسالانکا بغیر کوئی رن بنائے پولین لوٹ گئے اور گوناتھلاکا ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔

اس موقع پر بھانوکا راجا پکسا اور کپتان داسن شناکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 64قیمتی رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ کپتان داسن شناکا نے 18 بالوں پر 33 اور راجا پکسا نے 17 بالوں پر 25 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ بھارتی سپنر یزوندرا چہل نے 34 رنز کے عوض 3 اور روی چندرن ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔