ایشیا کپ، پاکستان نے افغانستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعدایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

129

شارجہ۔7ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سپرفور مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، گرین شرٹس نے 130رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 9وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا،آخری اوور میں پاکستان کو فتح کیلئے 11رنز درکار تھے، نسیم شاہ نے آخری اوور کی پہلی دو بالوں پر مسلسل دو چھکے لگا کر افغانستان کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا، پاکستان کی فتح کے ساتھ ہی بھارت ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گیا،شاداب خان پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بدھ کو شارجہ کرکٹ گرائو نڈ میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کامیاب ثابت ہوا۔ افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا پائی۔ ابراہیم زدران37 گیندوں پر 35 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

حضرت اللہ زازئی اور رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو36 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، حضرت اللہ زازئی 21، رحمان اللہ گرباز 17، کریم جنت15 اور نجیب اللہ زادران10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ راشد خان نے18 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے2 ، شاداب خان، نسیم شاہ، محمد حسنین اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف 19.2اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا جب کپتان بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ کچھ دیر بعد فخر زمان بھی 5 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب محمد رضوان 20 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد افتخار احمد نے شاداب خان کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا، افتخار احمد 33 بالوں پر 30 اور شاداب خان 26 بالوں پر 36 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر افغان بائولرز نے اپنے پریشر کو مزید بڑھاتے ہوئے قومی ٹیم کے بیٹرز کو سنبھلنے نہ دیا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔

گزشتہ میچ کے ہیرو محمد نواز 4 ، خوشدل شاہ 1 اور حارث رئوف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 118کے مجموعی سکور پرپاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب جارح مزاج بیٹر آصف علی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو پاکستان کی شکست یقینی نظر آرہی تھی۔ پاکستان کو میچ میں فتح کے لئے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی تھی، اس موقع پر نسیم شاہ نے آخری اوور کی پہلی دو بالوں پر مسلسل دو چھکے لگا کرافغانستان کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔