اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے کپتان بابراعظم اور افتخار احمد کی شاندار سنچریوں کی بدولت نیپال کو جیت کے لئے 343 رنز کا بڑا ہدف دے دیا، قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے، بابراعظم اور افتخار احمد نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بنائے۔ بدھ کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا کے افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔
اوپنرز فخر زمان اور امام الحق 25 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے ، اس کے بعد کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی سکور کو 111 رنز پر پہنچا دیا۔ محمد رضوان 44 رنز کی اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی جلد ہی گر گئی جب آغا سلمان 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد افتخار احمد نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا۔ دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بنائے۔
کپتان بابراعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 19ویں سنچری سکور کی، وہ 338 کے مجموعی سکور پر 131 بالوں پر 151 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 14 چوکے شامل ہیں۔ اس دوران افتخار احمد نے بھی اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کی۔ افتخار احمد نے 71 بالوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ شاداب خان 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ نیپال کی طرف سے سومپال کامی نے دو، کرن کے سی اور سندیپ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا کر نیپال کو فتح کے لئے 343 رنز کا ہدف دیا ہے۔