ایشیا کپ، پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

133
ایشیا کپ، پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

دبئی۔2ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 38 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، ہانگ کانگ کا کوئی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا، پاکستان کی طرف سے محمد رضوان نے 78 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، شاداب خان نے 8 رنز کے عوض 4 اور محمد نواز نے 5 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد رضوان کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، پاکستان کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں رنز کے اعتبار سے یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔

جمعہ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا جب کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے116 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد رضوان نے 57 بالوں پر 78 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔

ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل ہیں۔ فخر زمان 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے 15 بالوں پر 35 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ انہوں نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار 4 چھکے مارے۔ ہانگ کانگ کی طرف سے احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم صرف 38 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جبکہ ابھی اننگز کے 9 اوورز باقی تھے۔

پاکستانی بائولرز کی تباہ کن پرفارمنس کی بدولت ہانگ کانگ کا کوئی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔ پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان نے 2.4 اوورز میں 8 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز نے 5 رنز کے عوض 3، فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے 2 اور شاہنواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ محمد رضوان کو شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔