کولمبو۔12ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لئے 214 رنز کا ہدف دے دیا، سری لنکن سپنرز دنیتھ ویلالاگے نے 40 رنز کے عوض 5 اور چارتھ اسالنکا نے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں،
بھارتی کپتان روہت شرما نے نصف سنچری سکور کی۔ منگل کو پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم کولمبو میں کھیلے جارہے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر بھارتی ٹیم بڑا ٹوٹل کرنے میں ناکام رہی، پوری بھارتی ٹیم 49.1 اوورز میں 213 رنز پر آئوٹ ہوگئی،
بھارت نے اپنی اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا، روہت شرما اور شبمان گل نے 80 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ان کے آئوٹ ہونے کے بعد بھارتی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کپتان روہت شرما نے 48بالوں پر 53 اور گل نے 19 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے بیٹر ویرات کوہلی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کے ایل راہول 39 ، ایشان کشن 33 اور اکشر پٹیل 26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکن سپنرز دنیتھ ویلالاگے نے 40 رنز کے عوض 5 اور چارتھ اسالنکا نے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح سری لنکا کو میچ میں فتح کے لئے 214 رنز کا ہدف ملا ہے۔