لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ کے گروپ میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے دی، افغانستان کو سپر فور مرحلے میں کوالیفائی کرنے کیلئے 292 رنز کا ہدف 37.1 اوورز میں حاصل کرنا ضروری تھا تاہم افغان ٹیم 37.4 اوورز میں 289 رنز بنا سکی، کپتان حشمت اللہ شاہدی اور محمد نبی نے نصف سنچریاں سکور کیں، سری لنکن بائولر کاسن رجیتھا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، کوشل مینڈس نے 92 رنز کی بہترین اننگز کھیل کراپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، اس فتح کے بعد سری لنکا ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔
پیر کو لاہور میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، کوسل مینڈس نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، انہوں نے 84 بالوں پر 92 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔ اوپنرز پاتھم نسانکا 41 ، دیموتھ کرونارتنے 32 ، چیراتھ اسالنکا 36 اور مہیش تھیکشانا 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ دونیتھ ویلالاگے 33 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
افغانستان کی طرف سے گلبدین نائب نے 60 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ راشد خان نے دو اور مجیب الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ افغانستان کو ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں کوالیفائی کرنے کیلئے 292 رنز کا ہدف 37.1 اوورز میں حاصل کرنا ضروری تھا تاہم افغان ٹیم 37.4 اوورز میں 289 رنز بنا سکی، ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد کپتان حشمت اللہ شاہدی نے محمد نبی کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا۔ محمد نبی نے 32 بالوں پر 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔
کپتان حشمت اللہ شاہدی نے 59 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، دونوں بیٹرز کے آئوٹ ہونے کے بعد کریم جنت، نجیب اللہ زادران اور راشد خان نے میچ میں فتح حاصل کرنے اور سپر فور مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لئے بھرپور فائٹ کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔ کریم جنت 22 اور نجیب 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ راشد خان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکا کی طرف سے کاسن رجیتھا نے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ دنیتھ ویلالگے اور دھننجیا ڈی سلوا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش اور متھیشا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔