ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر نہیں ہو گا، میزبانی پاکستان کو ملی ہے، اگر کوئی ٹیم پاکستان نہیں آنا چاہتی تو نہ آئے، رمیز راجہ

116
رمیز راجہ

راولپنڈی۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر نہیں ہو گا، ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے، اگر کوئی ٹیم پاکستان نہیں آنا چاہتی تو نہ آئے، ہم پچز بنانے میں پیچھے رہ گئے ہیں، آئندہ سیزن میں اچھی پچز بنیں گی،

جمعہ کو راولپنڈی سٹیڈیم میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچ پر بورڈ کوئی گائیڈ لائن نہیں دیتا، پچ ٹیسٹ میچ کی شہ رگ ہوتی ہے، ہم پچز بنانے میں پیچھے رہ گئے ہیں، باہر سے بھی ماہر بلائے مگر ہمارے یہاں ایک ہی طرح کی مٹی سے پچ بنتی ہیں،

انہوں نے کہا کہ ڈراپ ان پچ مسلے کا حل ہو سکتا ہے اور امید ہے کہ آئندہ سیزن میں اچھی پچز بنیں گی، چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انگلش بیٹرز نے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جس طرح بیٹنگ کی ہے ایسی پہلے نہیں دیکھی، وہ اپنے ٹی20 کھیلنے والے کھلاڑی لے کر آئے ہیں، ہمیں بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا طریقہ بدلنا ہو گا،

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ کا آنا خوش آئند ہے، رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے اور ایونٹ کرانا ہمارا حق ہے، کوئی نہ آئے تو ہم بھی نیوٹرل وینیو پر ایونٹ سے پل آئوٹ کر سکتے ہیں۔