28.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومکھیل کی خبریںایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (کل)سے شروع ہوگا ، پاکستان اور نیپال کی...

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (کل)سے شروع ہوگا ، پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی

- Advertisement -

ملتان۔29اگست (اے پی پی):ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (کل)بدھ سے شروع ہوگا ، ٹورنامنٹ کا ابتدائی میچ گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ کے 16 ویں ایڈیشن میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں میزبان پاکستان،دفاعی چیمپئن سری لنکا ،بھارت، بنگلہ دیش ، افغانستان اور نیپال شامل ہیں۔

ایونٹ کے ابتدائی 4 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ بقیہ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔گزشتہ سال ایشیا کپ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا جبکہ اس مرتبہ ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جا ئے گا۔ نیپال کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے گی، نیپال نے اس سال اپریل مئی میں اے سی سی مینز پریمیئر کپ جیت کر ایشیا کپ کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔

- Advertisement -

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ 2 ستمبر کو سری لنکا کے پالے کیلی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل ایشیا کپ میں 15 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں جہاں بھارت نے 8 جبکہ پاکستان نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی۔ یہ ٹورنامنٹ 30اگست سے 17ستمبر 2023 تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کولمبو میں ہوگا۔

گزشتہ سال سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ایشیا کپ کی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان ، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا ، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ سری لنکن ٹیم چھ مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔آئی سی سی ایونٹ کے علاوہ ایشیا کپ محدود اوور کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ ایشیا کپ 1984 ء سے اب تک 15 بار منعقد کیا جا چکا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383752

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں