اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):جنوبی کوریا میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کے جیولن تھرو اولمپین ارشد ندیم نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ ارشد ندیم کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے فراہم کی گئی مسلسل سہولیات، پیشہ ورانہ تربیت، اور اعلیٰ معیار کی رہائش و غذا نے بھی اس میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان پاکستان سپورٹس بورڈ کے مطابق ارشد ندیم اپنے کوچ سلمان اقبال بٹ کے ہمراہ پیرس اولمپکس 2024 کے بعد سے پی ایس بی کوچنگ سیٹر لاہور میں جاری پاکستان سپورٹس بورڈ کے نیشنل ٹریننگ کیمپ میں 9 دسمبر 2024 سے باقاعدگی سے تربیت حاصل کر رہے تھے ۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیر زادہ کی خصوصی ہدایات پر ارشد ندیم کے لئے ویٹ ٹریننگ اور جم کے لئے ایک مخصوص ہال مختص کیا گیا تھا تاکہ ارشد ندیم کو عالمی معیار کی تربیتی سہولیات مہیا کی جاسکیں ۔ ترجمان کے مطابق ارشد ندیم 2019 میں بھی پاکستان سپورٹس بورڈ لاہور سینٹر میں ہی ٹریننگ حاصل کرتے رہے ہیں جہاں انہیں رہائش، خوراک اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی مکمل اور اعلی سہولیات فراہم کی گئیں تھیں ۔
یہ تمام سہولیات پی ایس بی کی پالیسی کے مطابق فراہم کی گئیں تا کہ کھلاڑی یکسوئی سے اپنی کارکردگی کو بہتر بنا سکیں ۔پی ایس بی ترجمان نے بتایا کہ صرف ارشد ندیم ہی نہیں، بلکہ پاکستان کے دوسرے نمایاں جیولن تھرو اتھلیٹ محمد یاسر بھی لاہور سینٹر میں ہی قیام پذیر ہیں اور انہیں بھی ارشد ندیم کے مساوی سہولیات میسر ہیں ۔ محمد یاسر کی ٹریننگ ، رہائش اور خوراک کا مکمل بندوبست پی ایس بی کے زیر اہتمام تھا جو کہ کھیلوں میں استعداد کر کو فروغ دینے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
پی ایس بی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ کی قیادت میں ادارہ قومی سطح کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ پاکستان بین الاقوامی میدانوں میں اپنی برتری قائم رکھ سکیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603775