کوئٹہ۔ 29 اگست (اے پی پی):ایشین چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کوئٹہ کے کھلاڑی سید بلال وطن واپس پہنچ گئے، جہاں کوئٹہ ایئرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر محکمہ کھیل کے نمائندے اور ان کے خاندان کے افراد موجود تھے ۔
ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید بلال نے کہا کہ یہ میڈل جیتنا صرف ان کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے ،ایشین چیمپئن شپ میں ان کا مقابلہ بھارت سمیت کئی دیگر ممالک کے کھلاڑیوں سے تھا۔انہوں نے کہا کہ میڈل حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا، اس کے لیے بہت زیادہ محنت اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے ،اگر صوبائی حکومت کھلاڑیوں کی مدد کرے تو ملک کا نام ہر جگہ روشن ہو سکتا ہے ۔
سید بلال احمد نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے حکومتی سرپرستی اور مالی مدد کی اشد ضرورت ہے ، حکومتی سرپرستی کے بغیر بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینا مشکل ہے ۔انہوں نے اپنا گولڈ میڈلز اپنے والد کے نام کیا ، جو کافی عرصے سے فالج کی وجہ سے علیل ہیں۔