ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں کسی رکن ملک نے پاکستان میں کھیلنے کیلئے حکومتی منظوری لینے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا، کرک سنفوکی سٹوری بے بنیاد ہے،پی سی بی

133
PCB
PCB

کراچی۔5فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے کرک سنفو کی سٹوری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)اجلاس میں ایسے کوئی معاملات نہیں اٹھائے گئے اور نہ ہی کسی رکن نے پاکستان میں کھیلنے کے لیے حکومتی منظوری لینے کا کوئی ارادہ ظاہر کیا۔ کرک سنفو نے ایشیا کپ کے مقام کے بارے میں فیصلہ مارچ 2023 تک ملتوی کرنے کے عنوان کے تحت اپنی اسٹوری میں کہاکہ خیال کیا جاتا ہے کہ اے سی سی کے تمام ممبران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی اپنی حکومت سے اس بارے میں موقف طلب کریں کہ آیا ان کی ٹیمیں پاکستان کا سفر کر سکتی ہیں۔

پی سی بی سے اتوار کو جاری اعلامیہ میں وضاحت کی گئی ہے کہ پی سی بی واضح کرنا چاہتا ہے کہ اجلاس میں ایسے کوئی معاملات نہیں اٹھائے گئے اور نہ ہی کسی رکن نے پاکستان میں کھیلنے کے لیے حکومتی منظوری لینے کا کوئی ارادہ ظاہر کیا،کرک سنفوکی سٹوری بے بنیادہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

سری لنکا نے حال ہی میں 2017اور 2019میں پاکستان کا دورہ کیا جبکہ بنگلہ دیش نے 2020میں پاکستان کا دورہ کیا ہے۔2023-2027فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) پر تمام آئی سی سی ممبران نے اتفاق اور اعلان کیا ہے۔ افغانستان بنگلہ دیش اور سری لنکا نے پاکستان کے اپنے دوروں کی تصدیق کر دی ہے۔