ایشین گیمز، نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی، کئی نئے عالمی ریکارڈ قائم کر دیئے

174
ایشین گیمز

ہانگ زو۔27ستمبر (اے پی پی): ایشین گیمز میں کرکٹ کے ایونٹ میں نیپال نے ٹی 20 فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔نیپال نے ٹی 20نٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر نے کے ساتھ تیز ترین سنچری اور نصف سنچری کا بھی عالمی ریکارڈ قائم کر دیا،

نیپال نے منگولیا کے خلاف 3 وکٹوں پر 314 رنز بنائے۔نیپالی ٹیم کے کوشال مالا نے 50 گیندوں پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنائے جبکہ انہوں نے 34 گیندوں پر تیزترین سنچری سکور کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ان سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر کے پاس تھا ۔ انہوں نے 35 گیندوں پر تیز ترین سنچری سکور کی تھی۔ دیپندرہ سنگھ ایری نے 10 گیندوں پر 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے،

انہوں نے 9 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری سکور کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ قائم کیا۔کپتان روہت پاؤڈل نے 27 گیندوں پر 61 رنز سکور کیے۔اس سے قبل ٹی 20ٹی فارمیٹ میں افغانستان کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تھا۔افغانستان نے فروری 2019میں آئر لینڈ کے خلاف میچ میں 3 وکٹوں پر 278 رنز بنائے تھے۔اس میچ میں نیپالی کھلاڑیوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے ریکارڈز بھی توڑے۔میچ میں دیپندرہ سنگھ نے 9 گیندوں پر 50 رنز بنائے،

انہوں نے بھارت کے یووراج سنگھ کا تیز ترین ففٹی بنانے کا ریکارڈ توڑا، یووراج سنگھ نے2007 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔کوشال مالا نے 34 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنا کر بھارت کے روہت شرما اور جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر کو پیچھے چھوڑا۔
یاد رہے کہ روہت شرما اور ڈیوڈ ملر نے 35 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔