ہینگزو۔3اکتوبر (اے پی پی):ایشین گیمز میں کبڈی کے ایونٹ میں پاکستان نے پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ چین کے شہر ہینگزو میں جاری ایشین گیمز میں کبڈی کے ایونٹ کے چار میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 18-55 پوائنٹس سے، دوسرے میچ میں تائیوان نے جاپان کو 22-38 پوائنٹس سے، تیسرے میچ میں ایران نے ملائیشیا کو 23-53 پوائنٹس سے اور چوتھے میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 21-56 سے ہرا دیا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں ایران کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایشین گیمز میں کبڈی کے مردوں کے ایونٹ میں مزید چار میچز بدھ کو کھیلے جائیں گے۔ بھارت کا مقابلہ تھائی لینڈ سے،تائیوان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے،ایران کا مقابلہ جنوبی کوریا سے اور ملائیشیا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
ایونٹ میں نو ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، جاپان، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، تائیوان کو رکھا گیا ہے۔گروپ بی میں ایران، پاکستان، جنوبی کوریا اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل 6 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔