ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن میں ہانگ کانگ نے کمبوڈیا اور سنگاپور نے تھائی لینڈ کو شکست دے دی

118

ہانگزو۔29ستمبر (اے پی پی):ایشین گیمز مینز کرکٹ کمپٹیشن میں ہانگ کانگ نے کمبوڈیا اور سنگاپور نے تھائی لینڈ کو شکست دے دی ، گزشتہ روز کھیلے گئے ٹی 20 ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں ہانگ کانگ نے کمبوڈیا کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا ، کمبوڈیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.2 اوورز میں 70 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، رام شاران 27 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، نصر اللہ رانا نے چار وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں ہانگ کانگ نے مطلوبہ ہدف 5.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

بابر حیات 40 اور نزاکت خان 34 رنز بنا کر نمایاں رہے ، ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں سنگاپور نے تھائی لینڈ کے خلاف 99 رنز سے کامیابی حاصل کی۔فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے ، چیتن سوریا ونشی نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔تھائی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 15.3 اوورز میں 53 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، آہن گوپی ناتھ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔