ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام ایشین چیمپینز ٹرافی میں روائتی حریف پاکستان اور انڈیا (کل) مدمقابل ہوں گے

139
ایشیا ہاکی کپ، بھارت نے سپر فور مرحلے میں جاپان کو ہرا دیا

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام ایشین چیمپئنز ٹرافی میں روائتی حریف پاکستان اور انڈیا (کل) جمعہ 17دسمبر کو مدمقابل ہوں گے۔

مشترکہ دفاعی چیمپئن ایشین چیمپئنز ٹرافی کے چھٹے ایڈیشن میں رابن راؤنڈ میچز کے سلسلہ میں پہلی بار ایک دوسرے کا سامنا کرینگے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ بار چیمئین ہونے کا اعزاز بھی پاکستان اور انڈیا کے پاس ہے۔ 2011 میں چین میں منعقد ہونے والی پہلی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا فاتح رہا جبکہ 2012 میں دوحہ،قطر میں پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی کا فاتح ہوا،2013 میں جاپان میں پاکستان نے ایک بار پھر اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے ایشین چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی جبکہ 2016 میں ملائشیا میں انڈیا ایک بار پھر ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹائیٹل حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ 2018 میں اومان میں منعقد ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا اس وقت مشترکہ چیمپئن قرار پائے جب فائنل میں شدید موسم اور موسلادھار بارش نے آسٹروٹرف کو بھی کھیل کے قابل نہ رہنے دیا۔

ایشین چیمپینز ٹرافی کے چھٹے ایڈیشن میں جوکہ 14 تا 22 دسمبر بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں کھیلا جارہا ہے، روائتی حریف پاکستان اور انڈیا کا میچ کل 17 دسمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق 2:30 بجے دوپہر کھیلا جائیگا۔ عالمی رینکنگ میں انڈین ہاکی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان عالمی رینکنگ میں 18ویں نمبرپر موجود ہے۔ روائتی حریف پاکستان اور انڈیا کے مابین میچ شائقین ہاکی کے لئے خاصا دلچسپ اور پرجوش ہوگا۔

پاکستان ہاکی ٹیم جو کہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے امتزاج سے تیار کی گئی ہے اس میں پرجوش اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔ پاکستان کے کپتان اولمپین عمر بھٹہ سمیت تجربہ کار گول کیپر مظہر عباس، دفاعی کھلاڑی مبشر علی، عماد شکیل بٹ جو کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ینگ ایمرجنگ کھلاڑی بھی قرار دیئے جاچکے ہیں، حصہ لے رہے ہیں۔

سٹرائیکرز میں جونیئر عالمی ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کےکپتان رانا وحید بھی اس میچ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرینگے۔پاکستان ہاکی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں محمد عبداللہ، عقیل احمد، افراز، احمد ندیم اور سلمان رزاق کو پہلی بار قومی سینئر ہاکی ٹیم میں شمولیت کا موقع ملا ہے۔ دوسری جانب انڈین سکواڈ کہنہ مشق کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔