ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی،پاکستان نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے ہرا دیا

205
37th National Hockey Championship
37th National Hockey Championship

ہلنبیور ۔11ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی ہاکی ٹیم نے جاپان کو ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں 1-2 گول سے ہرا دیا۔ ندیم احمد اور سفیان خان نے ایک ایک گول کر کے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ جاپان کی جانب سے واحد گول کپتان رائکی فجی شیما نے سکور کیا۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں ایڈیشن میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ چین میں جاری ہے۔ بدھ کو چین کے شہر ہلنبیور کے موکی ٹریننگ بیس میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2024 کے ساتویں میچ میں پاکستان کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد حریف جاپان کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرادیا۔

میچ کے دسویں منٹ پر پاکستان کے ندیم احمد نے گول کرکے اپنی ٹیم کو جاپان کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی ۔دوسرے کواٹر میں میچ کے 21ویں منٹ پر سفیان خان نے ایک اور گول کر کے پاکستان کی برتری دگناکر تے ہوئے مقابلہ 0-2 کر دیا لیکن 7 منٹ بعد جاپان کی ٹیم کے کپتان رائکی فجی شیما نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 1-2 کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا اور یوں سخت مقابلے کے بعد پاکستان نے جاپان کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے چوتھے کواٹر میں گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی ۔ واضح رہے کہ یہ ایونٹ میں پاکستان کی پہلی فتح ہے ،اس قبل کھیلے گئے دونوں میچ ڈرا ہو گئے تھے۔پاکستان اپنا چوتھا میچ کل جمعرات کو میزبان چین کے خلاف کھیلے گا جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنا پانچواں میچ 14 ستمبر کو کھیلے گا۔