اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):پاکستان نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے دوسرے گروپ میچ میں چائنیز تائی پے کوشکست دے دی۔ یہ میچ جنوبی کوریا کے شہر جونجو سی کے ہواسان جمنازیم میں کھیلا گیا۔ہفتہ کو یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم کی کامیابی میں لیہ رضا شاہ، علیشہ نوید، سمیہ صفدر، حلیمہ، سارینہ حسین، جاسمین فاروق، فرح رشید، امانی اور پریسا نے نمایاں کردار ادا کیا۔
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر ثمین ملک اور سیکرٹری جنرل محمد ریاض نے ٹیم کو شاندار کامیابی اور مسلسل دوسری فتح پر مبارکباد دی۔اس فتح کے ساتھ پاکستان گروپ بی میں سرفہرست آ گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ میزبان کوریا کے خلاف کل اتوار کو کھیلے گی جبکہ جاپان کے خلاف 30 جون اور مالدیپ کے خلاف یکم جولائی کو مقابلے ہوں گے۔چیمپئن شپ میں کل 11 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ، بھارت جبکہ گروپ بی میں پاکستان، چائنیز تائی پے، جاپان، کوریا، مالدیپ اور سعودی عرب شامل ہیں ۔یہ ایونٹ ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری ہے اور 4 جولائی تک جاری رہے گا۔