اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے کوریا کو 6-91 گول سے شکست دے دی۔اتوار کو جیونجو ہواسن جمنازیم، جیونجو سی جنوبی کوریا میں میچ کے دوران پاکستان کی جانب سے لیہ رضا شاہ، علیشا نوید، حلیمہ، سرینہ حسین، جیسمین فاروق، فرح رشید، امانی، پاریسہ، سمیہ احمد اور علینہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے کوریا کو 6-91 گول سے ہراکر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر سمین ملک، سیکرٹری جنرل محمد ریاض نے کوریا کے خلاف 91-6 گول کے بھاری مارجن سے جیت پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی۔پاکستان کو میگا ایونٹ کے پول بی میں رکھا گیا ہے اور پاکستان اپنا اگلا میچ پیر کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان کا مقابلہ 30 جون کو جاپان سے ہوگا جب کہ پاکستان اپنے گروپ میں اپنا پانچواں میچ یکم جولائی کو مالدیپ کے ساتھ کھیلے گا۔
اب پاکستان پول بی میں سرفہرست ہے۔ چیمپئن شپ میں گیارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور انہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے: گروپ-اے، ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت؛ گروپ بی، چائنیز تائپے، جاپان، کوریا، پاکستان، مالدیپ اور سعودی عرب شامل ہیں۔ پاکستان گروپ بی میں پانچ لیگ میچ کھیلے گا۔