ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ،پاکستان کی سائوتھ افریقہ کیخلاف 3-4 سے کامیابی
ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ،پاکستان کی سائوتھ افریقہ کیخلاف 3-4 سے کامیابی

مزید خبریں
لاہور۔28اگست (اے پی پی):ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے کلاسیفیکیشن رائونڈ میں پاکستان نے سائوتھ افریقہ کے خلاف شاندار کم بیک کرتے ہوئے پینلٹی شوٹ آئوٹ پر 3-4 سے کامیابی حاصل کر لی، مقررہ وقت تک مقابلہ 4-4 گول سے برابر رہا تھا۔ میچ کے آغاز میں سائوتھ افریقہ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ڈیل لورا ٹریور نے 8 ویں منٹ اور کاسیم دایان نے 18 ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلائی۔
پاکستان نے زبردست واپسی کرتے ہوئے پے در پے گول داغے،پاکستان کی جانب سے افراز نے21 ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جس کے بعد اگلے ہی منٹ (22 ویں منٹ) میں محمد عماد نے فیلڈ گول کر کے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ میچ کے 32 ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے گول اسکور کر کے پاکستان کو 2-3 کی برتری دلا دی۔سائوتھ افریقہ کی طرف سے کاسیم مصطفی نے40 ویں اور 55 ویں منٹ میں دو متواتر گول کر کے مقابلہ 4-3 کر دیا اور اپنی ٹیم کو دوبارہ پیش قدمی دلائی۔
میچ کے آخری لمحات میں پاکستان کے محمد حماد الدین نے بہترین انداز میں بال کو جال کی راہ دکھا کر 60 ویں منٹ میں ڈرامائی انداز میں اسکور 4-4 سے برابر کر دیا۔مقررہ وقت ختم ہونے پر میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا، جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے شوٹ آئوٹ میں سائوتھ افریقہ کو 3-4 سے ہرا کر فتح اپنے نام کی۔
پاکستانی گول کیپر وقار نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دو یقینی شوٹ آئوٹ روکے جس کے بعد پاکستان نے 3-4 سے میچ جیت لیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ٹیم کی بہترین پرفارمنس پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔








