اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے پاکستان کو جونیئر ورلڈکپ سے نکالنے کے فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورننگ باڈی کے اس غیرمنصفانہ فیصلے سے ملکی ہاکی کئی برس پیچھے چلی گئی ہے۔ جونیئر ورلڈکپ 8 دسمبر سے بھارت میں شروع ہو گا اور ایف آئی ایچ کے فیصلے کے بعد پاکستان کی جگہ ملائیشیا کی ٹیم شرکت کرے گی۔ جمعرات کو پی ایچ ایف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے سفری دستاویزات مقرر کردہ ڈیڈلائن تک جمع نہیں کرائے، گورننگ باڈی کے الزامات بے بنیاد ہیں فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے ویزوں کی درخواستیں متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ 24 اکتوبر کو جمع کرا دی تھیں، فیڈریشن نے حکومت کی طرف سے این او سی بھی بروقت حاصل کر لی تھی لیکن اس کے باوجود بھارت نے ہماری ٹیم کو ویزے جاری نہیں کئے۔