سیالكوٹ۔ 08 جولائی (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ایف آئی اے ترجمان کے مطابق جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا ،جبکہ پنجاب پولیس کو مطلوب دوسرے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کی شناخت عثمان علی اور فہد حمید کے نام سے کی ہے،ملزم عثمان علی آزر بائیجان جا رہا تھا ،تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے یونان کا جعلی ریزیڈنس کارڈ برآمد ہوا،ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مذکورہ کارڈ مرزا جاوید نامی ایجنٹ سے 15سو یورو میں حاصل کیا ،ملزم آزربائیجان سے یونان سفر کرنے کا ارادہ رکھتا تھا،ملزم کو گرفتار کر کے اے ایچ ٹی سی گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ۔
دوسری کارروائی میں ملزم فہد کو سعودی عرب فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ،ملزم فہد پر سیالکوٹ کینٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج تھا ،ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا ،ملزم کو گرفتار کر کے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔